گاڑی میں انجن آئل کی مقدار اور معیار معلوم کرنے کا آسان طریقہ
ہم میں سے اکثر لوگ روزانہ گھنٹوں گاڑی چلاتے ہیں۔ لیکن بہت کم لوگ ایسے ہیں جو گاڑی کی بنیادی چیزوں کا خیال رکھتے ہوں گے۔ ایک ذمہ داری ڈرائیور ہونے کی حیثیت سے آپ پر لازم ہے کہ اپنی گاڑی کی ہر ہر چیز کی کارکردگی پر نظر رکھیں۔ بروقت دیکھ بھال سے آپ نہ صرف گاڑی کی مجموعی کارکردگی بہتر بنا سکتے ہیں بلکہ مستقبل میں اپنی جیب پر بوجھ بننے والے بڑے مسائل سے بھی قبل از وقت چھٹکارا بھی حاصل کرسکتے ہیں۔ جن چیزوں کو روز مرہ معمولات کے ساتھ دیکھنا ضروری ہے ان میں سے ایک انجن آئل بھی ہے۔ خاص طور پر اگر آپ نے کچھ عرصے قبل ہی گاڑی چلانا شروع کی ہے تو انجن آئل کی مقدار اور معیار پر نظر رکھنے کو اپنی عادت بنالیں۔
یہ بھی پڑھیں: بریکس خراب ہونے کی علامات؛ غفلت جان لیوا ثابت ہوسکتی ہے!
گاڑی میں موجود انجن آئل کی جانچ زیادہ مشکل کام نہیں۔ تھوڑی سی توجہ کے ساتھ آپ درج ذیل طریقہ کار سے باآسانی انجن آئل کی مقدار اور معیار معلوم کرسکتے ہیں:
1) سب سے پہلے اپنی گاڑی کسی سیدھے اور ہموار سطح مثلاً گیراج وغیرہ میں کھڑی کر دیں۔
2) پھر گاڑی کا بونَٹ (bonnet) کھولیں۔ عام طور پر بونَٹ کھولنے کے لیے اسٹیئرنگ کے نزدیک ہی ایک lever موجود ہوتا ہے۔
3) بونَٹ کھولنے کے بعد ڈِپ اسٹک (dipstick) نکالیں۔ عام طور پر یہ انجن کے بیچ یا آس پاس ہی موجود ہوتی ہے۔ اگر ڈپ اسٹک تلاش کرنے میں مشکل پیش آئے تو گاڑی کے ساتھ دیئے گئے کار ساز ادارے کے ہدایت نامہ سے مدد حاصل کرلیں۔
4) ڈپ اسٹک باہر نکالنے کے بعد اسے کسی صاف کپڑے سے پوچھ لیں اور پھر جہاں سے ڈپ اسٹک نکالی ہے، وہیں واپس لگادیں۔
5) چند لمحے انتظار کے بعد ڈپ اسٹک کو دوبارہ باہر نکال لیں۔ اسٹک پر لگے ہوئے آئل کی مدد سے آپ کو انجن آئل کی مقدار اور معیار معلوم کرسکیں گے۔
6) اگر ڈپ اسٹک پر موجود نچلا نشان آئل میں ڈوبا ہوا ہے تو اس کا مطلب ہوا کہ آئل کی مقدار مناسب ہے۔ اگر آئل کم ہوا تو اسٹک کے نشان سے نیچے رہے گا اور اگر آئل کی مقدار اضافی ہوئی تو یہ اسٹک کے اوپر والے نشان کو بھی ڈبو دے گا۔
7) اسٹک پر موجود آئل کے رنگ سے اس کا معیار جانچا جاسکتا ہے۔ اگر آئل کا رنگ کالا یا بھورا ہے تو یہ آئل گندا ہوجانے کی نشانی اور آئل تبدیل کرنے کا عندیہ ہے۔ جبکہ انجن آئل کا رنگ سنہری (golden) ہو تو یہ شفافیت ظاہر کرتا ہے۔
8) اگر آپ کو انجن آئل جھاگ دار محسوس ہو تو یہ کولنٹ کی خرابی کو ظاہر کرتا ہے۔ اس صورت میں آپ کو فوری طور پر مکینک سے رجوع کرلینا چاہیے وگرنہ کسی بڑی مشکل کا شکار ہوسکتے ہیں۔